فیصلہ آ گیا- کھودا پہاڑ نکلا چوہا

وطن کی باتیں… جرمنی سے
20 اپریل 2017
Goettingen, Germany
ahussai@t-online.de
Tel:-00491707929561

فیصلہ آ گیا- کھودا پہاڑ نکلا چوہا

بدھ کے روز پاکستان کے وقت کے مطابق دوپہر دو بجے پاکستان کی سب سے بڑی عدالت نے پاناما لیکس کے متعلق فیصلہ سنا دیا ہے جس سے متعلق شور تھا کہ فیصلہ ایسا ہو گا کہ 20 برسوں تک یاد رکھا جاۓ گا-مگر بات کھودا پہاڑ نکلا چوہا کی مثل رہی -اب برسوں بیٹھے ڈھول بجاؤ یا بندر نچاؤ اور ڈگڈگی بجاؤ ناچوں گاؤ اور مٹھایاں بانٹو اور کھاؤ-

میں نے کل لکھا تھا کہ ” پاکستان میں عدالتیں سزائیں صرف غریبوں کو دیتی ہیں اور امیروں کو تو صرف نصیحتیں کرتی ہیں- اور آج بھی یہی ہو گا-ظلم کی چکی میں صدیوں سے پستے عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے- اور یہ ہمیشہ سے ہوتا آ رہا ہے اور اس وقت تک ہوتا رہے گا جب تک مظلوم عوام ظلم کے خلاف خود کھڑے نہیں ہو جاتے-”

اور وہی ہوا اگر نون لیگ جشن منا رہی ہے تو پی ٹی آئی بھی خوش پھر رہی ہے اور عمران خان نے سپریم کورٹ کے فاضل ججز کا شکریہ ادا کیا ہے اور فیصلے کو تاریخی فیصلہ قرار دیا ہے-مگر ساتھ ہی میاں نواز شریف کے استعفی کا مطالبہ بھی کیا ہے یعنی دھان کے وہی دو پات- خان صاحب کی مثال تو وہی ہے کہ کھیر پکائی جتن سے چرخہ دیا جلا…آیا کتا کھا گیا تو بیٹھی ڈھول بجا-

سپریم کورٹ بنچ کے پانچ میں سے تین ججز نے نواز شریف کو نا اہل قرار نہیں دیا مگر دو نے اپنے اختلافی نوٹ میں وزیر اعظم کو نااہل قرار دینے کا کہا ہے-عدالت نے اپنے فیصلے میں ایک جی آئی ٹی بنانے کا کہا ہے جو ساٹھ دن میں وزیر اعظم کی نا اہلی کا فیصلہ کرے گی ۔ اس میں نواز شریف حسن اور حسین شریف کو اس میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے- اور اس پر ہی شیخ رشید اور عمران خان بغلیں بجا رہے ہیں- حالانکہ قانون کی رو سے عدالت نے کوئی جوڈیشنل کمیشن کے بنانے کا نہیں کہا – جی آئی ٹی ایک تفتیشی کمیٹی ہو گی اور یہ کیس کے بارے میں مواد اکٹھا کرے گی اور عدالت کے سامنے رکھ دے گی- اور معاملہ رفع دفع ہو جاۓ گا اور راوی چین ہی چین لکھ دے گا اور کیس کی فائل بند ہو جاۓ گی اور وقت کے ساتھ یہ منوں مٹی میں دب جاۓ گی- اور اس ملک میں چور اچکے دندناتے پھرتے رہینگے اور ملکی وسائل لوٹتے رہینگے-

الطاف چوہدری

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*