کرپشن

کرپشن

‎کرپشن ایک لعنت ہے اور تمام برائیوں کی جڑ ہے-معاشرے میں کرپشن کی وجہ انسانی خواہشات ہوتی ہیں- نا ختم ہونے والی خواہشات- کار کوٹھی کی خواہش معاشرے میں بڑا بننے کی خواہش معاشرے کا طاقتور فرد ہونے کی خواہش کیونکہ وسائل محدود ہوتے ہیں اسلۓ انسان اپنی ان خواہشات کو پورا کرنے کے لۓ دولت کمانے کے لۓ ناجائز ذرائع کا استعمال کرتا ہے اور اس کے لۓ وہ ہر کام کرنے کے لۓ تیار ہوتا ہے حتی کہ قتل بھی- وہ دوسروں کا حق مارتا ہے ناتواں پر ظلم کرتا ہے اور غریبوں کی حق تلفی کرتا ہے-کیونکہ خواہشات لا محدود ہوتی ہیں اس لۓ کرپشن کبھی ختم نہیں ہوتی- اور پورے کا پورا معاشرہ اخلاقی بے راہ روی اور گراوٹ کا شکار ہو جاتا ہے- کرپشن کو ختم کرنے کے لۓ معاشرے کو اخلاقی قدروں پر استوار کرنا ضروری ہے- لوگوں کے دلوں میں خوف خدا اجاگر کرنا ہو گا- جس معاشرہ میں خوف خدا ناپید ہو جاۓ وہ معاشرہ انحطاط کا شکار ہو جاتا ہے- آدمی آدمی کا خدا بن جاتا ہے اور انسان فسادی ہو جاتا ہے-بڑوں کی عزت اور چھوٹوں سے پیار مفقود ہو جاتا ہے اور انسان بے کسوں اور ناتواں لوگوں پر ظلم و ستم کرنا اپنا وطیرہ بنا لیتا ہے- آدمی برائی کرتے وقت روز محشر کو بھول جاتا ہے- کسی کا حق مارنے پر اسےکوئی رنج یا ملال نہیں ہوتا- جعلی دوائیاں بناتے یا بیچتے وقت وہ شیطان بن جاتا ہے- کسی کا حق مارتے وقت یا کسی کی جائیداد پر قبضہ کرتے وقت وہ فرعون اور قاروں کا روپ دھار لیتا ہے- جج خدا بن جاتے ہیں اور وہ انصاف کی کرسی پر بیٹھے ہوۓ ظالم کو مظلوم اور مظلوم کو ظالم قرار دیتے نہیں جھجھکتے- سفاک صفت انسان خلقت خدا کو ایزا پہنچاتے وقت اور قتل کرتے وقت سکون محسوس کرتے ہیں- غرض سارے کا سارا معاشرہ انارکی کا شکار ہو جاتا ہے-تھانے عقوبت خانے بن جاتے ہیں اور عدالتیں چور اچکوں اور رشوت خوروں کی اماجگاہ بن جاتی ہیں- اقتدار پر طالع آزماؤں کا قبضہ ہو جاتا ہے ملک کی ترقی رک جاتی ہے اور معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے- جس معاشرہ میں لوگوں کے دلوں میں جتنا زیادہ خوف خدا ہو گا اتنی ہی اس معاشرہ میں کرپشن کی لعنت کم ہو گی-

الطاف چودھری
08.02.201

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*