زندگی میں مشکلات سے مت گھبراؤ – مصائب اور مشکلات اللہ جل جلالہ کی طرف سے بندے کا امتحان ہوتی ہیں-
زندگی میں مشکلات سے مت گھبراؤ -مشکلات اور مصائب سے بھاگنا وقتی طور پر تو آسان لگتا ہے، لیکن یہ مسائل کو مزید پیچیدہ بنا دیتا ہے۔ جب ہم مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، تو نہ صرف ہمارے اندر مضبوطی آتی ہے بلکہ مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت اور تجربہ بھی پیدا ہوتا ہے۔ ہر مشکل میں ایک سبق پنہاں ہوتا ہے اور یہ ہمیں اس قابل بناتی ہے کہ ہم اپنی زندگی کو مزید بہتر انداز میں آگے بڑھا سکیں۔ اسلام میں زندگی کی مشکلات اور آزمائشوں کا سامنا کرنے کے مفہوم کی بہت اہمیت ہے- قرآن اور سنت میں ہمیں بارہا بتایا گیا ہے کہ مشکلات اللہ کی طرف سے ایک آزمائش ہیں، جن کا مقصد ہمارے ایمان کو مضبوط بنانا، ہمیں گناہوں سے پاک کرنا اور ہماری روحانی ترقی کا ذریعہ بنانا ہے۔ قرآن مجید فرقان حمید میں ارشاد باری تعالی ہے: وَلَنَـبْلُوَنَّكُمْ بِشَىْءٍ مِّنَ الْخَوْفِ وَالْجُوْعِ وَنَقْصٍ مِّنَ الْاَمْوَالِ وَالْاَنْفُسِ وَالثَّمَرَاتِ ۗ وَبَشِّرِ الصَّابِـرِيْنَ “اور ہم ضرور تمہیں آزمائیں گے کچھ خوف اور بھوک سے اور مالوں، جانوں اور پھلوں کی کمی سے، اور صبر کرنے والوں کو خوشخبری دے دو۔” (سورۃ البقرہ آیت نمبر 155)-اس آیت مبارکہ میں اللہ سبحان و تعالی نے واضح کیا ہے کہ مشکلات اور مصائب ہماری زندگی کا حصہ ہیں اور ان کا مقصد ہمیں آزمانا ہے۔ یہ آزمائشیں دراصل ہمارے ایمان کو پرکھنے کا ایک ذریعہ ہیں اور ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ ہم اللہ جل جلالہ پر مکمل بھروسہ رکھیں۔ محبوب خدا پیغمبر آخرالزمان حضرت محمد ﷺ نے فرمایا کہ:”جو بھی مسلمان کو تھکاوٹ، بیماری، غم، تکلیف یا کسی بھی قسم کا دکھ پہنچتا ہے، یہاں تک کہ ایک کانٹا بھی چبھتا ہے، اللہ اس کی وجہ سے اس کے گناہوں کو معاف کر دیتا ہے۔” (بخاری و مسلم)-اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ عز و جل مشکلات کے ذریعے انسان کے گناہوں کو مٹاتا ہے اور اس کے درجات بلند کرتا ہے۔حوصلہ اور تدبیر سے مشکلات کا سامنا کرنے سے ہم خود اعتمادی محسوس کرتے ہیں اور یہ اعتماد ہمارے اگلے مراحل کو مزید آسان بنا دیتا ہے۔ مشکلات کے حل میں ثابت قدمی اور عزم کی بڑی اہمیت ہے۔ جب ہم خود کو مسائل کے سامنے ڈٹے رکھتے ہیں، تو وہ آہستہ آہستہ ختم ہونے لگتے ہیں، اور ہم ایک بہتر اور مضبوط انسان بن کر ابھرتے ہیں۔اللہ تعالی ہمیں ہر دکھ اور غم سے محفوظ رکھے اور مصائب و الم سے بچائے رکھے-آمین
الطاف چودھری
10.11.2024
————————–
Leave a Reply