مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں حل طلب معاملات بالخصوص حکومتی، انتظامی اور پارلیمانی مناصب کی تقسیم کے حوالے سے ہونیوالی گفتگو’’ بریک تھرو‘‘ ثابت ہوئی اور تمام معاملات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے اور دونوں جماعتوں کے بڑوں کے درمیان شراکت اقتدار کا فارمولہ طے پا گیا ہے اور اس طرح غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے-اسلام آباد میں زرداری ہاؤس میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی- نیوز کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت سازی کےلیے ہمارے نمبر پورے ہوچکے ہیں، شہباز شریف ایک بار پھر ملک کے وزیراعظم بنیں گے-انہوں نے کہا کہ الیکشن 2024ء کے بعد ن لیگ اور پی پی حکومت بنانے جارہے ہیں، ہمارے نمبر پورے ہو چکے ہیں- پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ وزرات عظمیٰ کےلیے شہباز شریف اور صدر مملکت کےلیے آصف علی زرداری ہمارے مشترکہ امیدوار ہوں گے- شہباز شریف نے کہا کہ آزاد امیدوار اپنی اکثریت دکھائیں دل سے قبول کریں گے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پاس حکومت بنانے کے لیے نمبرز پورے ہیں- ان کا کہنا تھا کہ ہم مشاورت کے ساتھ آگے بڑھیں گے، طے پایا ہے کہ آصف علی زرداری کو اگلے 5 برس کےلیے صدر مملکت بنایا جائے گا- وزارت عظمیٰ کے نامزد امیدوار نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم سے اتحاد کیا ہے، لیکن اس کے باوجود ان کے پاس حکومت بنانےکے لیے نمبر پورے نہیں ہیں- صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ باریاں لینے کی بات نہیں، ہمیں پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہے-ملک کے سیاسی اور انتخابی منظر کو اپنے دعوؤں پر مبنی انکشافات سے سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنیوالے راولپنڈی کے سابق کمشنر لیاقت علی چٹھہ اسوقت کہاں ہیں ،کس کی حفاظتی تحویل اور نگرانی میں ہیں اس بارے میں کسی قسم کی کوئی معلومات ہیں نہ ہی کوئی انتظامی افسر سوال کا جواب دینے پر تیار ہے-سابق کمشنر کی پریس کانفرنس میں کئے جانیوالے دعوؤں کے حقائق کی تحقیقات کرنیوالی کمیٹی نے پیر سے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے-دوسری طرف سابق کمشنر کے حوالے سے نئے انکشافات سامنے آنے کا سلسلہ رکا نہیں انکی پریس کانفرنس کے حوالے سے کچھ قابل توجہ باتیں بھی سامنے آئی ہیں کیونکہ راولپنڈی اسلام آباد میں موجود میڈیا کے کسی سینئر نمائندے کو پریس کانفرنس میں مدعو نہیں کیا گیا حالانکہ سابق کمشنر کے میڈیا میں قابل ذکر نمائندوں جن میں ٹی وی چینل کے اینکرز اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد شامل ہے جن سے تعلقات کااعتراف فریقین کی جانب سے کیا جاتا رہا ہے-پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا با ضابطہ مطالبہ کر دیا ہے-پی ٹی آئی کے چیئرمین گوہر علی خان بیرسٹر گوہر خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انتخابی دھاندلی روکنے میں ناکام رہے ہیں-انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صاحب کی ہدایات کی روشنی میں پی ٹی آئی ان سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتی ہے-
الطاف چودھری
20.02.2024



Leave a Reply