مسلم لیگ نون کی منشور کمیٹی کی تشکیل کا معاملہ

جناب عرفان صدیقی کی قیادت میں مسلم لیگ نون نے منشور کمیٹی کا اعلان کر دیا ہے -جناب عرفان صدیقی صاحب جیسے دانشور کی تقرری ایک احسن اقدام ہے- جناب پروفیسر احسن اقبال صاحب ایک تعلیمی پس منظر کے حامل ہیں-کہتے ہیں- جناب خواجہ سعد رفیق نے طلبہ سیاست سے اٹھ کر عملی سیاست کے میدان میں اپنا نام کمایا ہے- جناب پرویز رشید ایک مجسم تاریخ ہیں ، سادہ درویش منش انسان ہیں اور آجکل کے دور میں بھی لاکھ دو لاکھ میں گزارا کرتے ہیں- نہ بنک بیلنس بنانے کا شوق ہے اور نہ دوسروں کی طرح سرکاری پلاٹ ہتھیانے کا- نڈر اتنے ہیں کہ ڈرائیور کے ساتھ اگلی سیٹ پر بیٹھ جاتے ہیں – لیکن ان احباب کے علاوہ باقی اراکین کی اکثریت اپنی اپنی جگہ پہ لائق عزت و تکریم ہے لیکن منشور جیسا فکری کام شاید ان کی اہلیت سے زیادہ ہے- یوں لگتا ہے جیسے مسلم لیگی قیادت نے محض خانہ پری کیلئے ایک ٹیم ترتیب دی ہے جو منشور کے نام پر وہی پرانے دعوے اور پروگرام قوم کے سامنے رکھے گی جو اس سے پہلے کئی دفعہ پٹ چکے ہیں-زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے-کمیٹی میں کوئی زراعت کا ماہر رکھا ہی نہیں گیا ہے-اس منشور کمیٹی میں تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے والا ایک بھی ماہر شامل نہیں جس کے پاس کوئی ایسا ویژن ہو جو فرسودہ نظام تعلیم کے بجائے جدید تقاضوں کے مطابق نصاب تعلیم ترتیب دے-مسلم لیگ نون کی منشور کمیٹی میں آر ٹیفیشل انٹیلیجنس اور آئی ٹی کے شعبے میں مہارت رکھنے والے فرد کی عدم موجودگی بھی کمیٹی کی ترجیحات پر سوالیہ نشان ہے-آج پوری دنیا جدید ٹیکنالوجی کے سہارے خلا مسخر کر رہی ہے جبکہ ہماری ترجیحات میں دور دور تک اس کا نام و نشان نہیں-کیا ہی اچھا ہوتا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور آئی ٹی ایکسپرٹ بھی اس ٹیم کا حصہ ہوتے جو قوم کو جدید ٹیکنالوجی کی طرف راغب کرنےکیلئے کام کرتے-میاں شہباز شریف ایک بہترین منتظم ہیں اور میاں نواز شریف صاحب ایک سٹیٹ مین ہیں – جناب اسحاق ڈار دنیا کے ایک نامور معیشت دان ہے اور انھوں نے ملک کو اٹھارہ ماہ کی قلیل مدت میں معاشی بحران سے نکالا ہے-اس منشور کمیٹی میں ملکی معاشی حالات کے پیش نظر بیرون ملک مقیم عالمی شہرت یافتہ معیشت دانوں کو شامل کرنا چاہئے تھا مگر وہاں کوئی بھی عالمی شہرت یافتہ معیشت دان دکھائی نہیں دے رہا ہے- تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی سیاسی پس منظر کے پیش نظر داشوروں کو منشور کمیٹی کا حصہ بنایا جانا ضروری تھا-صرف جناب عرفان صدیقی ، جناب احسن اقبال ، جناب سعد رفیق یا جناب پرویز رشید کے گرد پچیس تیس واجبی سے لوگ بٹھا کر ایک اسی فی صدی پاکستانیوں کی ہر دل عزیز پارٹی مسلم لیگ نون کا منشور نہیں بنایا جا سکتا جو عوام کی امنگوں کے مطابق ہو-RR

الطاف چودھری
14.11.2023

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*