تمہیں رنجیدہ ہونے کی چندہ ضرورت نہیں ہے- تم کمزور ہو اور اللہ نے ظالم کی رسی دراز کر دی ہے- ظالم تکبر اور طاقت کے گھمنڈ میں دندناتا پھر رہا ہے- انسانی قدروں کی اس کے نزدیک کوئی وقعت نہیں ہے اور وہ بے سروسامان نہتی بے کس و لاچار اللہ کی مخلوق کو اپنے ظلم و جبر کا تختہ مشق بنا رہا ہے- حیوانیت اس کے اندر سرایت کر گئی ہے کہ وہ شیر خوار بچوں کو بھی نہیں بخش رہا ہے- تم اللہ سے لو لگائے رکھو اور ایک لمحے کے لیے بھی یہ نہ سوچو کہ ظالم اپنے ظلم سے بچ رہے گا- اللہ تعالی نے ظالموں کو سخت تنبیہ فرمائی ہے- اللہ ظالموں کی رسی دراز کر دیتا ہے -وَ لَا تَحْسَبَنَّ اللّٰهَ غَافِلًا عَمَّا یَعْمَلُ الظّٰلِمُوْنَ۬ؕ -اِنَّمَا یُؤَخِّرُهُمْ لِیَوْمٍ تَشْخَصُ فِیْهِ الْاَبْصَارُ(ابراہیم: 42) اللہ رحمن و رحیم ہے اور مخلوق کو صلہ رحمی کی تلقین کرتا- جب ظالم کا ظلم حد سے بڑھ جاتا ہے تو اللہ جل جلالہ کی ذات غصے میں آ جاتی ہے اور ظالم کو جکڑ لیتی ہے- وَ اتَّقُوْا فِتْنَةً لَّا تُصِیْبَنَّ الَّذِیْنَ ظَلَمُوْا مِنْكُمْ خَآصَّةًۚ-وَ اعْلَمُوْۤا اَنَّ اللّٰهَ شَدِیْدُ الْعِقَابِ(الانفال: 25) تم صبر کرو کہ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے – یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَ الصَّلٰوةِؕ-اِنَّ اللّٰهَ مَعَ الصّٰبِرِیْنَ(البقرہ : 153) اللہ سے مدد کے طلبگار رہو – دعاؤں پر قائم رہو اور اپنی دعاؤں میں اضافہ کرتے رہو کہ اللہ مظلوم کی دعائیں سنتا ہے-ایک حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ مظلوم کی آہ اور اللہ کے درمیان کوئی پردہ نہیں ہوتا ہے- :” اتق دعوة المظلوم، فإنها ليس بينها وبين الله حجاب”(صحیح بخاری 2448)-اللہ ملک و ملت کو شیطان مردود کے شر سے بچائے اور طاغوتی طاقتوں سے محفوظ رکھے-آمین
الطاف چودھری
29.10.2023

Leave a Reply