عوام کو مہنگائی مار گئی

عوام کو مہنگائی مار گئی

“اس وقت عوام کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے ۔ہر خاص و عام اس عفریت سے لرزتا دکھائی دیتا ہے ۔کوئی دن نہیں گزرتا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نہ ہوتا ہو۔بلکہ اب تو صبح قیمت کچھ ہوتی ہے اور شام کو کچھ ۔ادارہ شماریات کی مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں رواں ہفتے مہنگائی میں صفر اعشاریہ 20فیصد اضافہ ہوا ، جس کے باعث مجموعی شرح 34اعشاریہ 96فیصدتک پہنچ گئی ۔اس دوران چینی سمیت 19اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو ا۔مہنگائی میں تیزی سے اضافے کے باعث پاکستان دنیا کا چھٹا مہنگا ترین ملک بن گیا ہے ۔ورلڈ آف اسٹیٹکس نے دنیا میں مہنگائی کے حوالے سے سرفہرست ممالک کے نام جاری کئے ہیں ،جس میں پاکستان چھٹے نمبر پر آگیا ہے ۔ملک میں مہنگائی کی شرح 38فیصد ہے۔ہر ضروری شے کی قیمت میں 50فیصد سے زائد اضا فہ ہوا ہے ۔اب عوام کے لئے حقیقی معنوں میں جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے ۔لوگ ان حالات سے سخت گھبرائے ہوئے ہیں ،ہر شخص کی زبان پر یہی سوال ہے کہ اب کیا ہوگا ؟۔موجودہ حکمران ان حالات کا ذمہ دار تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کو ٹھہرا کر کہتے ہیں کہ اس نے آئی ایم ایف کے ساتھ جن شرائط پر معاہدہ کیا تھا ،ہم انہیں پورا کرنے اور عوام سے ہر سبسڈی ختم کرنے پر مجبور ہیں جس کے نتیجے میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے ۔حالات اس نہج تک پہنچنے کے باوجود بالا ئی سطح پر کوئی سنجیدہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آتے۔ حقیقت یہی ہے کہ ملک کو اس حالت تک پہنچانے میں سب برابر کے شریک ہیں ،جب تک تمام سیاسی اور انتظامی اشرافیہ مکمل اخلاص کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر بیٹھ نہ جائے، حالات کی ابتری کا سلسلہ روکنا بظاہر مشکل ہے ۔مہنگائی بڑھنے کے ساتھ آمدن میں اضافے کے امکانات بھی معدو م ہو چکے ہیں ۔اب اس مشکل وقت میں جینے اور حالات کو مزید بگڑنے سے بچانے کے لئے عوام کو انفرادی طور پر ہی اقدامات کرنا ہوں گے ۔حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں ہے۔”
Copied…

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*