مولانا کا دھرنا اور مائنس ون فارمولہ کی خبریں

مولانا کا دھرنا اور مائنس ون فارمولہ کی خبریں
ملک میں افراتفری ہے-معیشت بد حال ہے اور سیاسی ہیجان ہے-مولانا اپنے لاؤ لشکر سمیت ملکی راجدھانی کی طرف بڑھ رہے ہیں اور گمسان کے رن کا خطرہ ہے -میڈیا میں مائنس ون کی بات چل نکلی ہے- کہا جا رہا ہے کہ شاہ محمود قریشی عمران خان کا تختہ الٹنے کے لئے اندرون اور بیرونی ملک لابیئنگ کر رہے ہیں-وزارت عظمی ملتان کے مخدوم کی کمزوری ہے-زرداری کے دور میں بھی انھوں نے بیرونی خیر خواہوں کی اشیرباد سے وزیر اعظم بننے کی کوشش کی تھی مگر زرداری کو بھنک پڑ گئی تھی اور مخدوم صاحب کو وزارت خارجہ کے قلمدان سے ہاتھ دھونے پڑے تھے-اب بھی عمران خان کو سب خبر ہے مگر وہ اس کا اظہار کرنے سے کترا رہے ہیں-اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مخدوم کے رابطے کن طاقتور حلقوں سے ہیں -کرکٹ کھیلنے اور حکومت کرنے میں فرق ہوتا ہے-عمران خان کے نو رتن سب کے سب نکمے اور نا اہل ہیں-نعیم الحق، زلفی بخاری ، عون چوہدری، مراد سعید اور علی محمد نکمے ہیں اور اعجاز شاہ ، شیخ رشید اور فردوس عاشق اعوان فوج کے کارندے ہیں-پرویز الہی الگ مسلسل سیاسی جوڑ توڑ میں لگا ہوا ہے-اسکی یہ کوشش ہے کہ بزدار ہی پنجاب کا وزیر اعلی رہے کیونکہ اگر اس کی جگہ کوئی دھڑلے والا شخص آگیا تو پنجاب میں چوھردریوں کی من مانیاں ختم ہو جائینگی-پنجاب کا گورنر برطانوی سرکار کا بندہ ہے اور بقول اس کے وہ کوئی لندن سے لاہور “چھولے ” بیچنے نہیں آیا ہے-غرض عمران خان کے اردگرد لوگ اس کے اپنے نہیں ہیں ادھارے لوگ ہیں جو اشارہ ملتے ہی رفو چکر ہو جائینگے-شاہ محمود قریشی کے علاوہ بھی بہت سے امیدوار ہیں جو اپنی اپنی لابئنگ کر رہے ہیں -خبر تو یہ بھی ہے کہ دھرنے والوں نے بھی مائنس ون کا مطالبہ کر دیا ہے-تعجب ہے کہ پارٹی کے سنجیدہ لوگ چپ سادھے بیٹھے ہیں اور فیض الحسن چوہان اور فواد چوہدری جیسے چھچھوروں کو بیان بازی پر لگایا ہوا ہے-سندھ کے سومرو اور ایک ریٹائرڈ جرنیل کے بیٹے اسد عمر کے وزیر اعظم بننے کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جا رہا ہے – باقی رہے نام اللہ کا جو سب کچھ جانتا ہے-اکتوبر کی 27 تاریخ زیادہ دور نہیں ہے-

الطاف چودھری
08.10.2019

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*