شریفوں کی عزت نیلامی پر اب بیٹھے ڈھول بجاؤ

وطن کی باتیں… جرمنی سے
24 اپریل 2017
Goettingen, Germany
ahussai@t-online.de
Tel:-00491707929561

شریفوں کی عزت نیلامی پر اب بیٹھے ڈھول بجاؤ

پاناما کیس کا فیصلہ آ گیا ہے اور دو تین کے تناسب سے عدالت عالیہ نے وزیر اعظم کو بری کر دیا ہے یعنی یہ نا اہل قرار نہیں پاۓ اور قانونی طور پر یہ ملک کے سربراہ ہیں- یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگی ارکان خوشیاں منا رہے ہیں اور منوں مٹھایاں بانٹ رہے ہیں اور ڈھولک کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال رہے ہیں- قیاس تھا کہ فیصلہ تین دو کے تناسب سے نااہلی کا آۓ گا مگر پی ٹی آئی والے اور شیخ رشید اور جماعت اسلامی کے امیر جناب سراب الحق نہاتے دھوتے رہ گۓ اور اب تک مسلم لیگی ان کا منہ چڑا رہے ہیں-

اب یہ سب فیصلے سے اپنی اپنی پسند کے نقاط تلاش کر رہے ہیں اور میڈیا پر شور شرابا کر رہے ہیں- شیخ رشید کہتے ہیں کہ ” پپو فیل ہو کر بھی مٹھایاں بانٹ رہا ہے” انکے بقول پانج میں سے دو مضمون میں سے تو صاحب فیل ہو گۓ ہیں اور باقی تین میں سپلی آئی ہے مراد ان کی یہ ہے کہ دو ججوں نے میاں صاحب کو اپنے فیصلے میں آئین کی شق 62, 63 پر پورا نہ اترنے کا لکھا ہے یعنی ان کے فیصلے کے مطابق یہ اب یہ صادق اور امین نہیں رہے اور جو صادق اور امین نہ رہے اسے وزارت عظمی کے عہدے پر بیٹھے رہنے کا کوئی حق نہیں ہے- وہ تین ججز جنہوں نے اپنے فیصلے میں میاں صاحب کو نا اہل قرار نہیں دیا انہوں نے بھی انہیں کلین چٹ نہیں دی اور ان کے خلاف مزید تحقیقات کا حکم دیا ہے اور جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا ہے جو یہ تحقیقات کرے گی کہ میاں صاحب پاناما کیس کے معاملے میں بے قصور ہیں یا نہیں اور اگر کمیٹی کی تحقیقات سے انکا قصور ثابت ہو گیا تو وہ نا اہل قرار پائینگے اور انہیں وزارت عظمی چھوڑنی پڑے گی- فیصلے میں بارہ نقاط لکھے گۓ ہیں جن کے جوابات مطلوب ہیں اور عمران خان اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو خدشہ ہے کہ میاں صاحب وزیر اعظم رہتے ہوۓ کمیٹی کی تحقیقات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں اسلۓ انہیں اپنے عہدے سے دست بردار ہو جانا چاہۓ-

اندیشہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کی رسہ کشی سے ملک کی سیاسی صورت حال متاثر نہ ہو جاۓ کیونکہ دونوں طرف کے دانشور اپنے اپنے اسلوب سے بحث مباحثے میں مشغول ہیں اور باوقار ملکی اداروں کی دانستہ بے توقیری کر رہے ہیں- عمران خان اگر اختلافی نوٹس کو ہی فیصلہ بنانے پر تلے ہوۓ ہیں تو مسلم لیگ کے رانا ثنااللہ عابد شیر علی دانیال چوہدری طلال چوہدری اور خواجہ سعد رفیق اختلافی نوٹس لکھنے والے جج صاجبان کو کوس رہے ہیں- پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن تو فوج تک کو لپیٹ گۓ- اور اس کے لۓ ڈی جی آئ ایس پی آر کو وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا-اب کل پنڈی میں کور کمانڈرز کے اجلاس میں سپریم کورٹ کی مکمل پشت پناہی کا اعادہ کیا گیا ہے- پاکستان کے چیف جسٹس جناب ثاقب نثار نے عمران صاحب کو اختلافی نوٹس پر سیاست کرنے سے گریز کا مشورہ دیا ہے-

جو بھی ہو شریفوں کی شرافت کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوڑ گئی ہے اور انہیں اس ہنڈیا کی کرچیاں سمیٹنے میں بہت وقت لگے گا اور شاید وقت بھی ان کا ساتھ نہ دے-میاں نواز شریف کو انہیں عمران خان اور آصف زرداری سے دانا سیاست دان ثابت کرنا ہو گا ورنہ شرافت سر بازار ایسی نیلام ہو گی کہ لندن کے فلیٹ بیچ کر بھی خریدی نہیں جا سکے گی-

الطاف چوہدری

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*