غلطی تسلیم کرنا انسانی زندگی میں خود آگاہی اور اخلاقی بلوغت کا عکاس ہے۔

‎انسان غلطی کا پتلا ہے – ہماری ہر غلطی ہمیں ایک سبق دیتی ہے اور یہی سبق ہمیں زندگی کے سفر میں مزید تجربہ کار اور باشعور بناتا ہے۔۔ جب ہم اپنی خامیوں اور غلطیوں کا اعتراف کرتے ہیں تو ہم دراصل اپنی ذات کے آئینے میں اپنے حقیقی کردار کو دیکھنے کی جرآت کر رہے ہوتے ہیں۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جس میں ہم اپنے اندر کی کمزوریوں کو تسلیم کرتے ہیں اور اپنی انا کو ایک طرف رکھ کر خود کو بہتر بنانے کا عہد کرتے ہیں۔بعض دوست اسے  اپنی عزت یا خودداری کی شکست سمجھتے ہیں۔ لیکن حقیقت میں، غلطی کو تسلیم کرنا اور اس پر شرمندہ ہونے کے بجائے اس سے کچھ سیکھنا، انسان کے کردار کو اور مضبوط بناتا ہے۔ یہ طرزِ عمل دوسروں کے دل میں ہمارے لیے عزت اور اعتماد پیدا کرتا ہے، کیونکہ لوگ ایسے افراد کی عزت کرتے ہیں جو اپنے عیب کو چھپانے کی بجائے اسے بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔جب ہم اپنی غلطیوں کو تسلیم کرتے ہیں تو ہم نہ صرف خود کو بلکہ دوسروں کو بھی یہ پیغام دیتے ہیں کہ انسان غلطی کا پتلا ہے، لیکن انسانیت یہ ہے کہ ان غلطیوں سے سبق لے کر آگے بڑھا جائے۔ یہ رویہ ہماری روح کو سکون دیتا ہے اور ہمیں ندامت کے بوجھ سے آزاد کرتا ہے۔ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے -غلطیوں کو تسلیم کرنے کا ہنر ہمیں بتاتا ہے کہ کامیابی صرف بے عیب ہونے میں نہیں بلکہ ان عیوب کو درست کرنے کی کوشش میں ہے۔ جتنا جلدی ہم اس حقیقت کو اپنائیں گے، اتنی ہی جلدی ہم اپنی زندگی میں حقیقی ترقی اور سکون حاصل کر سکیں گے۔

الطاف چودھری

13.11.2024

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*