تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ جاتی امراء رائے ونڈ میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال خاص طور پرعام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ میاں نواز شریف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ قائد مسلم لیگ (ن) نے خاص طورپر مختلف امریکی رہنمائوں سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تمام امریکی رہنما پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آج ملک کو درپیش لاتعداد مسائل اور بحرانوں سے نکلنے میں پاکستان کے عوام ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قائدانہ کردار دے کر اپنابھرپور اعتماد کرینگے۔ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوںمیں تعاون پر گفتگو کی۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور میاں نواز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مستحکم شراکت داری کی اہمیت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے تعاون کے نئے امکانات کی تلاش اوران کامیابیوں پر تعلقات کی مزید استواری کی اہمیت تسلیم کی جو امریکا اور پاکستان دوطرفہ مضبوط اور فعال تعلقات سے عبارت رہے ہیں۔ امریکی سفیر اور محمد نوازشریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تغیر، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔ نوازشریف نے اسرائیلی بلاامتیاز بمباری کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینیوں کی بے رحمانہ شہادتوں کے مسئلے کو اجاگر کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔انہوں نے لڑائی اور ہلاکتوں کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور متاثرہ عوام کو فی الفور طبی اورانسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کیساتھ امریکی ترجیحات پر بات کی اور ملاقات کے دوران خوشگوار اور کھلے انداز میں گفتگو پر محمد نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔ Copied..

Leave a Reply