
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے میں کیا ہے؟
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے جاری اعلامیے کے مطابق’ فارمیشن کمانڈ کانفرنس کے شرکا نے یوم سیاہ، سانحہ نو مئی کے واقعات کی سخت ترین مذمت کی- اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’اب وقت آ گیا ہے کہ ان کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔‘کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ ’رِیاست پاکستان اور مسلح اَفواج، شہداء پاکستان اور اِن کے اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتی رہے گی-
اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے کہا ’قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز پر پرتشدد حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور مسلح افواج کو بدنام کرکے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے۔‘آرمی چیف نے کہا ’ملک دشمن عناصر اور ان کے حامی، جعلی اور بے بنیاد خبروں اور پروپیگنڈہ کے ذریعے معاشرتی تفرقہ اور انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، قوم کے بھرپور تعاون سے تمام تر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا-آرمی چیف نے کہا ’بگاڑ پیدا کرنے کی اور فرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے پناہ لینے کی تمام تر کوششیں بے سود ہیں-کثرت سے جمع کیے گئے ناقابلِ تردید شواہد کونہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جا سکتا ہے-
اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے کہا ’مخالف قوتوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنانے کی راہ میں کسی بھی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے اور ابہام پیدا کرنے کی کوششوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا- اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’شہدا کی یادگاروں، جناح ہاؤس کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت جلد انصاف کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے- کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ افواجِ پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی-
cpd
Leave a Reply