سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا بھارت کی آبی دہشت گردی ہے

پاکستان مسلم لیگ (ن) جرمنی کے سینئر رہنماؤں رانا لیاقت علی، حافظ عبدالرحمن، راشد غوری اور الطاف چودھری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا بھارت کی آبی دہشت گردی ہے، اور یہ مودی سرکار کی جانب سے خطے کے امن کو تباہ کرنے کی ایک اور مذموم کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی مودی حکومت اندرونی سیاسی دباؤ کا شکار ہوتی ہے، وہ دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے خطے میں کشیدگی کو ہوا دیتی ہے۔ رہنماؤں نے زور دے کر کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جھوٹ پر مبنی بیانیے گھڑ کر نہ صرف خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈال رہا ہے بلکہ یہ اقدامات بھارت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے قومی سلامتی کمیٹی میں دیے گئے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے پاکستانی قوم کے جذبات کی بہترین ترجمانی کی ہے اور یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی وقار کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ رہنماؤں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج دنیا کی بہترین اور بہادر ترین افواج میں شامل ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر ناکام بنائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام، حکومت اور افواج پاکستان ایک مضبوط چٹان کی مانند متحد ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*