مئی 9 کا غدر- جب ملکی اشرافیہ( اپر کلاس الیٹ) نے مکتی باہنی کا روپ دھارا اور سقوط پاکستان کی سازش کی-

9 مئی کا غدر- جب ملکی اشرافیہ( اپر کلاس الیٹ) نے مکتی باہنی کا روپ دھارا اور سقوط پاکستان کی سازش کی-

بلوائیوں نے 9 مئی کے دن 22 سے زیادہ سول اور دفاعی تنصیبات پر حملہ کرکے شدید نقصان پہنچایا-یہ عمران خان کی گرفتاری کا بے ساختہ رد عمل نہیں تھا بلکہ یہ پاکستانی افواج کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش تھی- پورے ملک میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا ملک دشمنوں کا بھیانک منصوبہ تھا- ورنہ کیسے ممکن ہے کہ کوئٹہ میں پی ٹی آئی کے جانباز براہ راست چھاؤنی کا رخ کریں اور فوجی دستوں سے ٹکرائیں، لاہور کے بے مہار جتھوں کو کورکمانڈر ہاؤس، عسکری پلازا اور سی ایس ڈی کے سوا کوئی ہدف نہ ملے – فیصل آباد کے سپوت براہ راست آئی ایس آئی کے دفاتر پر حملہ آور ہوں، سرگودھا اور میانوالی کے غضب ناک ہجوم فضائیہ کے اڈوں پر چڑھ دوڑیں، پشاور کے سورما ایف سی کے ہیڈکوارٹرز، قلعہ بالا حصار پر حملہ آور ہوں، سنگ باری اور آتش زنی کے لئے صرف دفاعی تنصیبات کو کیوں ہدف بنایا گیا؟ 1965 کی یادگار ایم ایم عالم کا طیارہ ہی شعلوں میں لپٹا نظر آئے، شہدا کی یادگاریں ہی توڑی پھوڑی جائیں اور وطن پر جانیں نچھاور کرنے والوں کے مجسمے ہی شکست و ریخت کا نشانہ بنیں-جب 2018 میں عمران خان اسلام آباد میں مسند اقتدار پر بیٹھا تو اس کا اپنے سیاسی مخالفین کو راستے سے ہٹا کر 2033 تک ملک پر حکومت کرنے کا پروگرام تھا-مگر اپریل 2022 میں جب عمران کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی تو خان حواس باختہ ہو گئے-اس نے عدم اعتماد کو ٹالنے کے لئے بہت ہاتھ پاؤں مارے لیکن سہارے کو ایک تنکا بھی نہ ملا-پچھلے ایک سوا سال میں عمران خان پاک آرمی اور حکومت کے خلاف مذموم سازشیں کرتا رہا اور ملک عزیز پاکستان کو معاشی اور سیاسی طور پر کمزور کرنے میں جتا رہا-اور اس میں اسے عالمی پاکستان دشمن اور ہنودی یہودی لابیز کی پشت پناہی حاصل رہی- 9 مئی کے غدر کی سازش بیرونی و اندرونی ملک دشمن عناصر کی ایک مکروہ کوشش تھی جس کا مقصد عمران خان کو دوبارہ مسند اقتدار پر بٹھانا تھا-مگر اللہ نے دشمنوں کی ترکیب ناکام بنا دی اور ملک کو تباہ ہونے سے بچا لیا-پاکستان اللہ کے نام پر وجود میں آیا ہے اور انشاء اللہ رہتی دنیا تک آباد رہے گا – پاکستان زندہ باد – پاک فوج زندہ باد

الطاف چودھری
31.05.2023

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*