جرمن اتحاد کے 35 سال
اینگلا میرکل کا اے ایف ڈی کو انسانیت دشمن قرار دینے والا سخت پیغام
جرمنی میں آج کا دن جرمن اتحاد کے 35 سال مکمل ہونے کے موقع پر منایا جا رہا ہے-اس موقع پر سابق چانسلر اینگلا میرکل نے ZDF کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں دائیں بازو کی جماعت AfD پر غیر معمولی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا: „… trotzdem muss ich immer wieder sagen, es ist kein Grund, eine menschenverachtende Partei zu wählen, wenn man etwas zu kritisieren hat.“ (یعنی: “اگر آپ کچھ تنقید کرنا چاہتے ہیں تو بھی یہ کوئی جواز نہیں کہ آپ ایک ایسی پارٹی کو ووٹ دیں جو انسانیت کی حقارت کرتی ہو۔”) میرکل نے اس موقع پر اعتراف کیا کہ اتحاد کے 35 سال بعد بھی مشرقی جرمنی کے کچھ حصوں میں “اتحاد کی مایوسی” (Einheitsfrust) برقرار ہے اور بعض لوگ آزادی اور تمام مواقع کے باوجود یہ محسوس کرتے ہیں کہ انہیں مناسب اہمیت نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا: „Es ist wahr, dass einige Menschen trotz Freiheit und aller Möglichkeiten das Gefühl haben, nicht angemessen gewürdigt zu werden. Und die Politik muss das ernst nehmen.“ (یعنی: “یہ سچ ہے کہ کچھ لوگ آزادی اور تمام مواقع کے باوجود یہ محسوس کرتے ہیں کہ انہیں مناسب اہمیت نہیں دی جا رہی، اور سیاست کو اس بات کا ادراک کرنا چاہیے۔”) تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس احساس کو کسی بھی صورت میں انتہا پسند جماعتوں کی حمایت کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ میرکل کا یہ سخت مؤقف اس بات کی یاد دہانی ہے کہ جمہوری معاشرے کی بنیاد انسانی وقار اور رواداری پر ہے، اور جو جماعتیں ان اقدار کو چیلنج کرتی ہیں وہ دراصل تقسیم اور انتہاپسندی کو بڑھاوا دیتی ہیں۔ اس انٹرویو میں میرکل نے جمہوری جماعتوں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے خدشات کو سنجیدگی سے سنیں، لیکن ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ انہیں انتہا پسندی کے سامنے ایک مضبوط لکیر کھینچنی ہوگی۔ ان کے یہ الفاظ نہ صرف عوام بلکہ جرمنی کی تمام جمہوری قوتوں کے لیے ایک اہم پیغام ہیں کہ اتحاد کے باوجود موجود کمیوں کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ جمہوری اقدار کی حفاظت بھی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے-
الطاف چودھری
03.10.2025
